Home
Questions And Answers

سوال: ڈاکو فردوس میں کیسے جبکہ مسیح قبر میں تھا؟

جواب:

یسوع مسیح نے اپنے ساتھ مصلوب ڈاکو سے ایمان لانے کے بعد مخاطب ہو کر کہا تو آج ہی میرے ساتھ فردوس میں ہوگا ۔ جب کہ  مسیحی ایمان کے مطابق یسوع مسیح صلیبی موت کے بعد دفن ہوئے اور تین دن بعد جی اُٹھے اور اس کے بعد چالیس ایام تک مختلف مقامات پر ان کا ظہور ہوتا رہا۔ لہذا یہ بیان غلط ثابت ہوا کہ تو آج ہی میرے ساتھ فردوس میں ہو گا جبکہ حضورالمسیح فردوس میں گئے ہی نہیں ہیں۔ معقول جواب درکار ہے۔

سوال خواہ کوئی  ہی  کیوں نہ ہو اس کی نوعیت کو دیکھنا نہایت ضروری ہے کہ آیا یہ سوال کسی مسیحی کا ہے یا غیر مسیحی گا۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ سوال کسی غیر مسیحی کا ہے کیونکہ غیر مسیحیوں کے نزدیک فردوس اور فردوس میں جانے کا جو تصوّر ہے وہ مسیحی تصوّر نہیں بلکہ بالکل مختلف ہے۔ مسیحی اِیمان کے مطابق فردوس وُہ مقام ہے جہاں خُدا ہے جس وجہ سے وہاں راحت ، امن ، سکون اور پاکیزگی ہے۔ دُوسرے لفظوں میں یسوع مسیح بذات خود فردوس ہیں اور جہاں یسوع مسیح تشریف لے گئے وہاں اپنے ساتھ ایمان لانے والے شخص کو بھی لے گئے ۔

 یہ سوال بہت سے لوگوں کی سمجھ میں اِس لئے بھی نہیں آتا کیونکہ وہ لکیر کے فقیر ہیں اور جونہی کوئی شخص اِس جہان فانی سے کوچ کرتا ہو تو اسے  اپنی باتوں ہی سے جنت میں یا جہنم میں پہنچا دیتے ہیں ۔ یا د رکھیں کہ فردوس میں لے جانے کا اختیار جس کے پاس ہے وہی لے جا سکتا ہے۔ اور ساتھ ہی ساتھ یہ بھی یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ فردوس میں جانے کی بات جسمانی طور پر نہیں بلکہ رُوحانی طور پر ہو رہی ہے۔ مرنے کے بعد ایمانداروں کی رُوح خدا کے پاس اس کے فردوس میں جاتی ہے اور یہ فانی بدن کیٹروں کی خوراک بن جاتا ہے۔ لہذا ایمان لانے کے بعد یہ شخص روحانی پہلو کے اعتبار سے اسی وقت خدا کے فردوس میں پہنچ گیا ۔ خداوند یسوع مسیح نے فرمایا کہ راہ حق اور زندگی میں ہوں اور کوئی میرے وسیلہ کے بغیر باپ کے پاس نہیں آتا ( یوحنا ۱۴: ۶)۔

 صلیب پر جان دینے کے بعد یسوع مسیح قبر میں دفن ہوئے اور یہ بات ہمارے سمجھنے کیلئے ہے کہ وہ دفن ہوئے ۔ حقیقت یوں نظر آتی ہے کہ یسوع مسیح ہمارے گناہوں کے کفارہ کے طور پر خدا باپ کے پاس اپنا خون پیش کرنے گئے تھے کیونکہ عہد عتیق میں کا ہن خون لے کر پاکترین مقام میں رکھے ہوئے عہد کے صندوق کے مذبح کے سینگوں پر لگاتے تھے اور یوں ان کے اور قوم کے گناہوں کا کفارہ ہوتا تھا۔ اس کیلئے آپ خروج ۲۴ باب کا مطالعہ کر سکتے ہیں جس میں اس سے بھی پیشتر کی ایک جھلک نظر آتی ہے۔ اس حوالے کا مقابلہ آپ عبرانیوں  ۴: ۱۴۔ ۱۶ ،اور پھر عبرانیوں ۹ باب سے کر سکتے ہیں۔ لہٰذا یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یسوع پاکترین مقام یعنی فردوس میں نہیں گئے ۔ خداوند آپ کو اہم عطا فرمائے (آمین )۔ 

Back to Questions